نئی دہلی، 26؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) نے آج کہا ہے کہ پلوامہ میں ہوئے دہشت پسندانہ حملہ میں استعمال کردہ گاڑی کے مالک کی شناخت کرلی گئی ہے۔ اِس شخص نے دہشت گرد تنظیم جیش محمد میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایاکہ دھماکہ کے مقام سے دستیاب تباہ شدہ کار کے تکڑوں کو یکجا کرنے کے بعد این آئی اے نے اِس گاڑی اور اِس کے مالک کی شناخت کی تحقیقات میں اہم کامیابی حاصل کی۔ این آئی اے کے عہدیداروں نے فارنسک اور آٹو موبائیل ماہرین کی مددسے مذکورہ گاڑی کی شناخت کی۔ یہ گاڑی ایک Maruti Eeco تھی اُس کا انجن نمبر G12BN16410 ہے۔ یہ گاڑی 2011 میں اننت ناگ کی ہیون کالونی کے رہنے والے ایک شخص محمد جلیل احمد حقانی کوفروخت کی گئی تھی بعد میں اِس گاڑی کو کوئی 7مرتبہ فروخت کیا گیا اور بالآخر یہ گاڑی جنوبی کشمیر کے بیچ بہارا علاقہ کے رہنے والے سجاد بھٹ کو بیچی گئی ۔
سرکاری ترجمان نے بتایاکہ اِس گاڑی کو گذشتہ 4فروری کو فروخت کیا گیا۔ سجاد بھٹ‘ مدرسہ سراج العلوم ( شوپیان) کا طالبعلم تھا۔ این آئی اے کی ٹیم نے دوروز قبل سجاد کے مکان پر دھاوے کئے لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھا۔ اُس نے مبینہ طورپر جیش محمد میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ اُس کا ایک فوٹو گراف‘ سوشل میڈیا پر بھی دیکھا گیا ہے جس میں وہ ہتھیار تھامے ہوئے تھا۔